پاکستان

بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن میں اضافہ، کراچی سے 1020 کلومیٹر دور

اس کے زیر اثر بحیرہ عرب میں بادلوں کی تشکیل ہو رہی ہے، یہ بادل شہر میں بوندا باندی کا باعث بن رہے، چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز

بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن میں اضافہ ہوگیا اور یہ کراچی کے جنوب مغرب میں 1020 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈپریشن مغرب کی سمت بڑھنے لگا، اس کا کراچی کے جنوب مغرب سے 1020 کلومیٹر، اورماڑہ سے 1010 کلومیٹر، گوادرسے 1030 کلومیٹر اور عمان کے جنوب مشرق میں 770 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ اس کے زیر اثر بحیرہ عرب میں بادلوں کی تشکیل ہو رہی ہے، یہ بادل شہر میں بوندا باندی کا باعث بن رہے۔

سردار سرفراز نے توقع ظاہر کی کہ بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے دوپہر، شام تک جاری رہ سکتا ہے۔

میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ ابر آلود موسم کے باعث آج درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ 12 اکتوبر کو محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کرگیا تاہم فی الحال پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کے متاثر ہونے کا امکان نہیں ہے۔

واضح رہے کہ 8 اکتوبر کو نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے خبردار کیا تھا کہ بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ بن رہا ہے جو طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

این ای او سی نے ابتدائی الرٹ جاری کرتے ہوئےخدشہ ظاہر کیا تھا کہ یہ سسٹم اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں پاکستان کی ساحلی پٹی کو متاثر کرسکتا ہے۔

این ای او سی کے مطابق بحیرہ عرب میں تشکیل پانے والا ہوا کاکم دباؤ اس وقت لکشدیپ ویلی کے قریب موجود ہےاور امکان ہےکہ شمال مغرب کی جانب حرکت کرے گا۔

ابتدائی پیش گوئی میں ہوا کے کم دباؤ کی شدت اور حرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ یہ سسٹم اکتوبر کے تیسرے ہفتے پاکستانی ساحلی پٹی کو متاثر کرسکتا ہے ۔