چیئرمین پی سی بی کی زیر صدارت اجلاس، قومی ٹیم میں متوقع تبدیلوں سے آگاہ کیا گیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت سلیکشن کمیٹی اور مینٹورز کے مشترکہ اجلاس میں ٹیم کی کارکردگی اور فٹنس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق چئیرمین پی سی بی نے پہلے پاکستان کرکٹ کے مینٹورز شعیب ملک، مصباح الحق، وقار یونس اور ثقلین مشتاق سے ملاقات کی۔
بعد ازاں، محسن نقوی نے نو منختب سلیکشن کمیٹی کے اراکین اور مینٹورز کے ساتھ مشترکہ اجلاس کیا، دو گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں ٹیم کی حالیہ کارکردگی اور فٹنس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سلیکشن کمیٹی کے اراکین عاقب جاوید، اظہر علی، علیم ڈار، حسن چیمہ، ایڈوائزر بلال افضل، ڈائریکٹر ڈومیسٹک عبداللہ خرم نیازی، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان، چاروں مینٹورزنے اجلاس میں شرکت کی۔
مینٹور سرفراز احمد اور سلیکشن کمیٹی کے رکن اسد شفیق ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل قومی ٹیم میں متوقع تبدیلیوں سے متعلق چیئرمین پی سی بی کو آگاہ کیا گیا جب کہ سلیکشن کمیٹی کے اراکین اور مینٹورز نے ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کی۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی اور مینٹورز نے نئے کھلاڑیوں کی کارکردگی جانچنے کا عمل رواں سیریز کے اختتام تک مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔
علاوہ ازیں، کھلاڑیوں کے فٹنس کے عمل کو بھی رواں سیریز کے ختم ہونے تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پچز کا معیار بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔