دنیا

موسمیاتی تبدیلی نے سمندری طوفان ملٹن کو تباہ کن بنایا، سائنسدانوں کا دعویٰ

ملٹن جیسے برساتی طوفانوں کا خطرہ تقریباً دو گنا زیادہ بڑھ چکا ہے، موسمیاتی تبدیلی نے خلیج میں درجہ حرارت میں 400 سے 800 گنا تک اضافہ کیا، بین الاقوامی سائنسدان

بین الاقوامی سائنسدانوں نے امریکا کی ریاست فلوریڈا میں صدی کے سب سے بڑے سمندری طوفان ’ملٹن‘ جس میں خوفناک بگولوں اور طوفانی بارش کے باعث 16 افراد ہلاک ہوئے تھے، اس کا ذمہ دار انسانوں کی وجہ سے ہونے والی موسمیاتی تبدیلی کو قرار دے دیا۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق ورلڈ ویدر ایٹریبیوشن کی جانب سے کیے گئے تجزیہ میں بتایا گیا ہے کہ گلوبل وارمنگ نے ہوا کی رفتار میں 10 فیصد کے قریب اور بارش میں 20 سے 30 فیصد کے درمیان اضافہ کیا، سائنسدانوں نے اس بات کا مشاہدہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے موسم کی تبدیلی کا مطالعہ کرنے کے بعد دریافت کیا۔

خلیج میکسیکو سے ریاست فلوریڈا کی طرف آنے والا طوفان 24 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں ملٹن کیٹیگری 1 سے خطرناک کیٹیگری 5 کے طوفان میں تبدیل ہوا تھا تاہم فلوریڈا سے ٹکرانے والا درجہ 3 کا طوفان تھا۔

سابقہ سائنسی تجزیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی نے خلیج میں درجہ حرارت میں 400 اور 800 گنا اضافہ کیا ہے۔

یو ایس نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق اس اضافی درجہ حرارت نے ملٹن کو بحر اوقیانوس کو تاریخ کا تیسرا تیز ترین سمندری طوفان بنا دیا ہے، جس میں مسلسل ہوا کی رفتار 180 میل فی گھنٹہ (290 کلومیٹر فی گھنٹہ) تک ریکارڈ کی گئی۔

سائنسدانوں کے گروپ نے خبردار کیا ہے کہ ملٹن جیسے برساتی طوفان اب بغیر کسی انسانی سرگرمی کی وجہ سے پیدا ہونے والی گرمی کے بغیر کے مقابلے میں تقریباً دو گنا زیادہ ہونے کا امکان رکھتے ہیں۔

غیر سرکاری ماحولیاتی تنظیم گرین پیس کے ایک مہم کار ایان ڈف نے کہا’ اس تحقیق نے اس بات کی تصدیق کی ہے جسے پہلے سے ہی بلکل واضح ہونا چاہیے تھا کہ موسمیاتی تبدیلی خطرناک طوفانوں کو شدید تر بنا رہی ہے، جس کی ذمہ داری فوسل فیول کے جلانے پر عائد ہوتی ہے۔’

سائنسدانوں نے پچھلے 50 سالوں کے دوران بحراوقیانوس میں سمندری طوفان کے تیزی سے شدت اختیار کرنے کے تشویشناک رجحان کو موسمیاتی تبدیلی سے منسلک کیا ہے۔

کیریبین اور فلوریڈا کے اردگرد غیر معمولی گرم سطح کے پانی کے درجہ حرارت کی وجہ سے موسمیاتی ماہرین نے اس سال بحر اوقیانوس میں سمندری طوفان کے شدید ہونے کی پیش گوئی کی تھی جس میں 4 سے 7 بڑے طوفان بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سیزن امریکا میں ملٹن کیٹیگری 5 کا دوسرا سمندری طوفان ہے۔

امریکا کی نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیرئک ایڈمنسٹریشن (این او اے اے) نے کہا ہے کہ 1950 کے بعد سے صرف پانچ سال ایسے ہیں جب ایک ہی سیزن میں ایک سے زیادہ کیٹیگری 5 کے طوفان ریکارڈ کیے گئے۔