دنیا

سمندری طوفان ملٹن سے فلوریڈا میں 16 اموات، 25 لاکھ گھر اور دفاتر بجلی سے محروم

قومی موسمیاتی سروس نے بدھ کو ریاست فلوریڈا بھر میں طوفانی بگولوں کی 126 وارننگزجاری کیں جو1986 کے بعد ایک دن میں جاری کی جانے والی سب سے زیادہ وارننگز ہیں، ماہر موسمیات

امریکا کی ریاست فلوریڈا میں صدی کے سب سے بڑے سمندری طوفان ’ملٹن‘ سے اموات کی تعداد 16 ہوگئی۔

خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق خلیج میکسیکو سے بحر اوقیانوس تک تباہی پھیلانے والے سمندری طوفان کی تباہ کاریوں کے باعث تقریباً 25 لاکھ مکانات اور دفاتر تاحال بجلی سے محروم ہیں۔

واضح رہے کہ کیٹیگری 3 کا سمندری طوفان ’ملٹن‘ بدھ کو رات گئے فلوریڈا کے خلیجی ساحل سے ٹکرایا تھا جبکہ اس سے 2 ہفتے قبل ایک اور سمندری طوفان ’ہیلینے‘ نے فلوریڈا سمیت امریکا کی جنوب مشرقی ریاستوں میں خوفناک تباہی پھیلائی تھی جس کے نتیجے میں 237 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اب تک سمندری پانی کے بجائے زیادہ تر اموات طوفانی بگولوں کے نتیجے میں ہوئی ہیں۔ فلوریڈا کے ساحل پر واقع شہر فورٹ پیئرس جہاں طوفانی بگولوں نے 4 افراد کی جان لی تھی، کی رہائشی 70 سالہ سوسن اسٹیپ نے کہا کہ ’یہ بہت خوفناک تھا۔‘

انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہوں نے کچھ لوگوں کو باہر ایک درخت میں مردہ پایا، کاش وہ وہاں سے نکل جاتے۔ خاتون کے شوہر بل نے کہا کہ ’ایک طوفانی بگولے نے میرے 22 ٹن وزنی موٹر گھر کو اٹھا کر صحن میں پھینک دیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس وسیع پیمانے پر تباہی اور اپنی محبوب اشیا کی بربادی کو دیکھنا خوفناک اور دل دہلا دینے والا تھا، لیکن وہ صرف چیزیں تھیں اور ہم اب بھی یہیں موجود ہیں‘۔

مقامی حکام نے بتایا کہ سینٹ لوسی کاؤنٹی میں کم از کم 6 افراد، وولوسیا کاؤنٹی میں 4، پنیلا کاؤنٹی میں 2 اور ہلزبرو، پولک، اورنج اورسائٹرس کاؤنٹیز میں ایک ایک فرد کی موت واقع ہوئی ہے۔

طوفان نے بجلی کے تار گرا دیے، ٹمپا بیس بال اسٹیڈیم کی چھت کوپاش پاش کر دیا اور مکانات ڈوب گئے لیکن فلوریڈا اس ہولناک تباہی سے محفوظ رہا جس کا حکام کو خدشہ تھا۔

گورنر رون ڈی سینٹیس نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’طوفان خطرناک تھا لیکن شکر ہے کہ یہ بدترین صورت حال نہیں تھی۔‘

طوفان کے بعد جمعے کو سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری رہا اور کوسٹ گارڈ نے ایک کشتی کے کپتان کی جان بچائی جو خلیج میکسیکو میں ایک کولر سے چمٹ کر طوفان سے باہر نکلا تھا۔

امریکی کوسٹ گارڈ کے سیکٹر سینٹ پیٹرزبرگ کمانڈ سینٹر کے سربراہ ڈانا گریڈی نے ایک بیان میں کہا کہ ’یہ شخص انتہائی تجربہ کار سیلر کے لیے بھی ڈراؤنا خواب سمجھی جانے والی صورتحال میں زندہ بچ گیا۔‘

صدر جو بائیڈن کی عوام سے گھروں پر رہنے کی اپیل

صدر جو بائیڈن نے جمعرات کو لوگوں پر زور دیا کہ وہ طوفان کے بعد اندر ہی رہیں، بجلی کے تار گرنے اور ملبے کے باعث خطرناک حالات پیدا ہو رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ میلانیا طوفان سے متاثرہ فلوریڈا کے رہائشیوں کے لیے دعا کر رہے ہیں اور انہیں ووٹ دینے کی تاکید کر رہے ہیں۔

ماہر موسمیات مائیکل لوری نے کہا کہ قومی موسمیاتی سروس نے بدھ کو ریاست بھر میں بگولوں کی 126 وارننگز جاری کیں جو کہ 1986 کے بعد ایک دن میں جاری کی جانے والی سب سے زیادہ وارننگز ہیں۔

طوفان کے باعث خلیج تمپا کے قریب رہائشی عمارت سے نقل مکانی کرنے والی خاتون نے کہا کہ ’یہ سوچنا آسان نہیں ہے کہ آپ کے پاس سب کچھ ہے اور اچانک آپ سب کچھ کھو دیں۔‘

موسمیاتی تبدیلیاں ہر ایک کیلئے ویک اپ کال ہیں

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ شدید بارشیں اور تباہ کن طوفان شدت اور تعداد کے ساتھ رونما ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سمندروں کی گرم سطحیں زیادہ بخارات خارج کر رہی ہیں جو کہ طوفانوں کو زیادہ توانائی فراہم کرتے ہیں۔

طوفان کے نقصان کا جائزہ لینے والے 72 سالہ انٹیریئر ڈیزائنر کرسٹن جوائس نے خلیج سارسوٹا میں ’اے ایف پی‘ سے گفتگو میں کہا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ موسمیاتی تبدیلیاں ہر ایک کے لیے ویک اپ کال ہیں۔‘