پاکستان

صوبہ پنجاب کے 8 اضلاع میں تین دن کیلئے دفعہ 144 نافذ

پابندی کا اطلاق ملتان، ساہیوال، سرگودھا، گوجرانوالہ، وہاڑی، پاکپتن، اوکاڑہ اور وزیر آباد میں ہوگا۔

حکومت پنجاب نے صوبے کے 8 اضلاع میں تین دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹی فکیشن جاری کیا۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق ملتان، ساہیوال، سرگودھا، گوجرانوالہ، وہاڑی، پاکپتن، اوکاڑہ اور وزیر آباد میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج پر پابندی عائد ہو گی، پابندی کا اطلاق آج سے ہفتہ 12 اکتوبر تک ہوگا۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے، اس لیے امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔