معاہدے ختم کرنے کا معاملہ، متعدد آئی پی پیز نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیے
حکومت پاکستان کی جانب سے معاہدوں کو قبل از وقت ختم کرنے کی تیاریاں شروع کرنے کے بعد متعدد انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) نے پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے آج (جمعرات) ہنگامی اجلاس طلب کر لیے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز اسٹاک فائلنگ میں حب پاور کمپنی لمیٹڈ (حبکو) نے اعلان کیا کہ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز آج ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز معاہدے کے قبل از وقت خاتمے سے متعلق شرائط کا جائزہ لیں گے، اس کے علاوہ بجلی کی خریداری کے معاہدے، ایندھن کی فراہمی کے معاہدے اور متعلقہ گارنٹی کا معاملہ بھی دیکھا جائے گا، یہ معاہدے مارچ 2027 میں ختم ہونے ہیں۔
ان مذاکرات میں وزیر اعظم آفس کے تحت قائم کی گئی حکومت کی ٹاسک فورس اور حبکو سمیت متعدد آئی پی پیز شامل ہیں۔
لال پیر پاور لمیٹڈ نے بھی گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو مطلع کیا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے، جس میں معاہدے کے قبل ازوقت خاتمے سے متعلق شرائط کا جائزہ لینے کے ساتھ بجلی کی خریداری کے معاہدے اور متعلقہ ضمانت پر بھی غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز معروف کاروباری شخصیت اور چیئرمین ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان زبیر موتی والا نے کہا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بجلی کی فی یونٹ قیمت کم ہو کر 9 سے 10سینٹ ہو جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری صنعتیں بند ہو رہی ہیں، گیس کی قیمت شاید کم نا ہو لیکن بجلی کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔