پاکستان

صدر پاکستان سے سعودی وفد کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طویل المدتی اور آزمودہ تعلقات ہیں، صدر مملکت آصف علی زرداری

صدر پاکستان آصف علی زرداری نے سعودی وفد سے ملاقات کی، اس دوران دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ہے، دونوں برادر ممالک نے معیشت، زراعت، کان کنی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

صدر پاکستان نے ہر مشکل وقت میں ساتھ دینے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں برادر ممالک کو خطے اور اسلامی دنیا کے خوشحال اور پرامن مستقبل کی تعمیر کے لئے کام کرنا چاہیے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ  پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طویل المدتی اور آزمودہ تعلقات ہیں، ان تعلقات کو ایک طویل المدتی اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے۔

صدر مملکت نے پاکستان کی طرف سے سعودی عرب کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے سعودی عرب کی ویژن 2030 کے تحت شاندار ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی اور خوشحالی  ہمارے لیے باعث مسرت اور فخر ہے۔

دوسری جانب سعودی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے تعمیری انفراسٹرکچر اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ دورہ پاکستان کے دوران سعودی وفد مختلف شعبوں میں 2 ارب ڈالر کے 25 معاہدوں پر دستخط کرے گا۔