امریکیوں کیلیے معلومات کے حصول کے طریقے کو نئی شکل دینے اور گوگل کے حریفوں کیلیے پھلنے پھولنے کی گنجائش پیدا کرنے کیلیے تجاویز پر کام جاری
امریکا نے آن لائن سرچنگ میں گوگل کی غیرقانونی اجارہ داری کے خاتمے پر کام شروع کردیا۔
امریکی محکمہ انصاف نے کہا ہے کہ وہ جج کو کہہ سکتا ہے کہ گوگل کو آن لائن سرچنگ میں اپنی اجارہ داری برقرار رکھنے کیلیے کروم اور اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کے غیرقانونی استعمال سے روکا جائے۔
رواں سال اگست میں ایک تاریخی مقدمے کی سماعت کے دوران امریکی عدالت کو بتایا گیا تھا کہ امریکا میں 90فیصد انٹرنیٹ سرچنگ کا جائزہ لینے والی کمپنی گوگل نے غیر قانونی اجارہ داری قائم کررکھی ہے۔
امریکی خبررساں ادارے’رائٹرز’ کے مطابق محکمہ انصاف کا کہنا ہے کہ گوگل کی غیرقانونی اجارہ داری کے تدارک کیلیے اسکا مجوزہ حل امریکیوں کیلیے معلومات کے حصول کے طریقے کو نئی شکل دے سکتا ہے جبکہ اسکی مدد سے گوگل کی آمدنی میں کمی لاکر اور اس کے حریفوں کو پھلنے پھولنے کے لیے مزید گنجائش فراہم کی جاسکتی ہے۔