کسانوں کے لیے کھاد کی براہ راست خریداری، اینگرو فرٹیلائزر نے جدید ایپلی کیشن متعاف کروادی
کراچی: کاشت سے کٹائی تک حل فراہم کرنے والی پاکستان کی ممتاز فرٹیلائزر کمپنی اینگرو فرٹیلائزرز نے سرکاری قیمتوں پر کمپنی سے کھادوں کی براہ راست خریداری کے ذریعے کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے پاکستان کا پہلا مربوط ایگری ای کامرس پلیٹ فارم “UgAi “ متعارف کرایا ہے۔
پہلے مرحلے میں سندھ کے کسانوں کیلئے مفت UgAi ایپ متعارف کرائی گئی ہے جس کو مستقبل قریب میں ملک بھر میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔
UgAi ایپ کے ذریعے اینگرو فرٹیلائزرز اپنے گوداموں سے کسانوں کو ان کے فارمز کے رقبے اور ضرورت کے مطابق براہ راست کھاد فراہم کرے گی۔جس سے کسانوں کو کھادوں کی بلا تعطل دستیابی، معیاری قابل اعتماد مصنوعات اور آسان ترسیل سے فائدہ ہو گا۔ بر اور است خریداری کی خصوصیت کے علاوہ UgAi فصلوں کی درستگی کے ساتھ نگرانی کرنے ، ان پٹ لاگت کو کم کرنے اور فصل کی پیداوار کو بہتر بنانے کیلئے جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور سیٹلائیٹ منظر کشی کو بھی مربوط کرتی ہے۔
سندھ کے صوبائی وزیر زراعت سردار محمد بخش خان مہر UgAi ایپ کی افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر سیکریٹری محکمہ زراعت سندھ، سپلائی اینڈ پر ائس ڈپارٹمنٹ رفیق احمد برڑو، کسان کمیونٹی کے سینئر ممبران اور اینگرو فرٹیلائزرز کے ممبران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت سردار محمد بخش خان مہر نے اینگرو فرٹیلائزرز کے اس نئے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے اس اقدام نے ملک کی کاشت کار کمیونٹی کیلئے نئے معیارات قائم کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ UgAi ایپ سے مصنوعی قلت، ویلیو چین میں قیمت میں بد نظمی اور کسانوں کو نقصان پہنچانے والی جعلی مصنوعات کے چیلنجز پر قابو پانے کی کوششوں میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر رفیق احمد برڑو نے کسانوں پر بوجھ کم کرنے اور کار کردگی کو بڑھانے کیلئے ڈیجیٹائزیشن کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات زور دیا کہ یہ انوویشن پاکستان کے زرعی شعبے کو عالمی معیار تک پہنچانے کیلئے جدید طرزِ عمل متعارف کرائے گی۔
اس موقع پر اینگرو فرٹیلائزرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی راٹھور نے اپنے خطاب میں کسانوں کی بہتری اور پاکستان کے غذائی تحفظ کو بڑھانے کیلئے حکومتی اقدامات کو سپورٹ فراہم کرنے کے کمپنی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اینگرو فرٹیلائزرز ایسے انو ویٹو اقدامات شروع کرنے میں سب سے آگے ہے اور ان اقدامات سے کاشت کاروں کو فائدہ بھی پہنچتا ہے۔
UgAi اسی سمت میں ایک اہم قدم ہے کیونکہ یہ فصل کے بہتر انتظام اور جدید کاشت کاری کے طریقوں کے ذریعے پاکستان میں زراعت کو ممکنہ طور پر تبدیل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ UgAi فصلوں کی صحت اور مٹی کے حالات کے بارے میں حقیقی وقت کے اعدادو شمار کو مربوط کر کے ، باخبر فیصلے کرنے اور فصل کی زیادہ سے زیادہ کرنے کا اختیار دے کر کسانوں کیلئے ایک جامع سلوشن فراہم کرتی ہے۔