پاکستان

عمران خان کے ترجمان انتظار پنجوتھا کی مبینہ گمشدگی کے خلاف درخواست دائر

انتظار پنجوتھا سے 8 اکتوبر شام 4 بجے سے رابطہ نہیں ہورہا ہے، پولیس سمیت دیگر اداروں سے رابطہ کیا مگر تاحال ان کا کچھ علم نہ ہوسکا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فوکل پرسن انتظار پنجوتھا کی مبینہ گمشدگی کے خلاف درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق وکیل علی اعجاز نے پی ٹی آئی رہنما اور عمران خان کے ترجمان انتظار پنجوتھا کی مبینہ گمشدگی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

درخواست میں وفاق کو سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع کے زریعے فریق بنایا گیا ہے جب کہ چیف کمشنر اسلام آباد ، ایف آئی اے ، آئی جی اسلام آباد پولیس کو فریق بنایا گیا۔

درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ انتظار پنجوتھا ایڈووکیٹ سے 8 اکتوبر شام 4 بجے سے رابطہ نہیں ہورہا ہے جب کہ پی ٹی آئی رہنما کو ڈھونڈنے کی کوشش کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ پولیس سمیت دیگر اداروں سے رابطہ کیا مگر تاحال انتظار پنجوتھہ کا کچھ علم نہ ہوسکا۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ انتظار حسین پنجوتھا کی بازیابی کا حکم دیا جائے۔