کھیل

ملتان ٹیسٹ: دوسرے روز کا کھیل ختم، انگلش ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنا لیے

کھیل کے تیسرے روز جو روٹ 32 اور زیک کرالی 64 رنز سے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنا لیے۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ ملتان میں کھیلا جارہا ہے، قومی ٹیم میچ کے دوسرے روز آخری سیشن میں 556 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستانی بیٹنگ کے جواب میں انگلش ٹیم نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنا لیے جبکہ اسے پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے مزید 460 رنز درکار ہیں، دوسری اننگز کے آغاز میں مہمان ٹیم کے کپتان اولی پوپ بغیر کوئی رن بنائے نسیم شاہ کا شکار بنے۔

کھیل کے تیسرے روز جو روٹ 32 اور زیک کرالی 64 رنز سے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کریں گے۔

قبل ازیں پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم 556 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی، پاکستان کی جانب سے دوسرے روز سعود شکیل اور نائٹ واچ مین نسیم شاہ نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تھا، سعود شکیل نے اپنے کیریئر کی ساتویں نصف سنچری اسکور کی جب کہ نسیم شاہ 33 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے تھے۔

نائٹ واچ مین کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد سلمان علی آغا نے سعود شکیل کے ساتھ ملکر اسکور کو آگے بڑھایا۔

سعود شکیل 82 رنز کی اننگز کھیل کر شعیب بشیر کا شکار بنے جس کے بعد آنے والے آل راؤنڈر عامر جمال صرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ شاہین شاہ آفریدی 26 رنز بناکر آؤٹ ہو گئے تھے۔

سلمان علی آغا نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 108 گیندوں پر اپنی کیریئر کی تیسری ٹیسٹ سنچری مکمل کی، وہ 104 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 3، گس اٹکنسن اور برائیڈن کارس نے 2،2 جب کہ کرس ووکس اور جو روٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان پلینگ الیون:

شان مسعود (کپتان)، صائم ایوب، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین شاہ، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔

انگلینڈ پلینگ الیون:

اولی پوپ (کپتان)، زیک کرالی، بین ڈکٹ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی اسمتھ(وکٹ کیپر)، کرس ووکس، گس اٹکنسن، برائیڈن کارس (ڈیبیو)، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔