دنیا

فلوریڈا کو 2 ہفتے میں دوسرے تباہ کن سمندری طوفان کا سامنا

کیٹیگری 4 کا سمندری طوفان ’ملٹن’ بدھ کو خلیج تمپا میٹروپولیٹن کے نواحی علاقوں سے ٹکرائے گا، 10 لاکھ سے زائد آبادی کو انخلا کے احکامات جاری

امریکا کی ریاست فلوریڈا ابھی سمندری طوفان ’ہیلینے‘ کی تباہ کاریوں سے پوری طرح نہیں نکل پائی تھی کہ اسے 2 ہفتے بعد ہی کیٹیگری 4 کے ایک اور تباہ کن سمندری طوفان ’ملٹن‘ کا سامنا ہے۔

طوفان کی زد میں آنے والے علاقوں سے 10 لاکھ سے زائد افراد کو انخلا کے احکامات جاری کیے جاچکے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق فلوریڈا کا گنجان آباد مغربی ساحل تاحال 2 ہفتے قبل آنے والے تباہ کن سمندری طوفان ’ہیلینے‘ کے اثرات سے نہیں نکل سکا ہے اور خدشہ ہے کہ ایک تباہ کن سمندری طوفان بدھ کو یہاں ٹکرائے گا۔

امریکا کے قومی مرکز برائے سمندری طوفان (این ایچ سی) نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سمندری طوفان ’ملٹن‘ خلیج تمپا میٹروپولیٹن ایریا کے نواحی علاقوں سے ٹکرائے گا جہاں 30 لاکھ سے زائد افراد مقیم ہیں۔

این ایچ سی کی جانب سے منگل کو جاری کردہ تازہ ایڈوائزری کے مطابق طوفان کی شدت ماپنے والے سافر سمپسن اسکیل پر ملٹن کی شدت کیٹیگری 5 سے کم ہوکر کیٹیگری 4 میں آگئی ہے، تاہم اب بھی اس کے مرکز میں 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

قومی مرکز برائے سمندری طوفان کے مطابق ’ملٹن‘ کی شدت میں مسلسل اتار چڑھاؤ کا امکان ہے جس کے باعث فلوریڈا کے ساحل سے ٹکرانے تک اسے انتہائی خطرناک سمندری طوفان کے درجے میں رکھا گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ طوفان بجلی کے بریک ڈاؤن سمیت تباہ کن اثرات مرتب کرے گا۔

امریکی ادارے کے مطابق خلیج میکسیکو کے بلند درجہ حرارت نے ملٹن کو بحیرہ اوقیانوس کا تیزی سے شدت اختیار کرنے والا تیسرا سمندری طوفان بنا دیا ہے جو کہ 24 گھنٹے کے اندر ٹراپیکل طوفان سے کیٹیگری 5 کے سمندری طوفان کی شکل اختیار کر گیا تھا۔

امریکی حکام کے مطابق مغرب سے مشرق کی طرف بڑھنے والے سمندری طوفان کی سمت غیر معمولی ہے کیونکہ خلیجی سمندری طوفان عام طور پر بحیرہ کیریبین میں بنتے ہیں اور مغرب کا سفر کرتے ہوئے شمال کی طرف مڑنے کے بعد ساحل سے ٹکراتے ہیں۔

کارنیل یونیورسٹی کے موسمیاتی سائنسدان جوناتھن لن کا کہنا ہے کہ ’مغربی خلیج میں بننے کے بعد سمندری طوفان کا فلوریڈا کے مغربی ساحلوں سے ٹکرانا انتہائی غیر معمولی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اس کے وسیع مضمرات ہیں کیونکہ طوفان کی سمت اس بات کا تعین کرنے میں کردار ادا کرتی ہے کہ طوفان کی شدت کہاں سب سے زیادہ ہوگی۔‘

این ایچ سی نے پیش گوئی کی ہے کہ سمندری طوفان ’ملٹن‘ خلیج تمپا کی شمالی اور جنوبی ساحلی پٹی سے 3 سے ساڑھے 4 میٹر تک بلند ہو سکتا ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر جیمی روم کا کہنا ہے کہ بدھ کو ساحل سے ٹکرانے سے قبل ملٹن کے حجم میں اضافے کی توقع ہے جس کے نتیجے میں تباہ کاریوں کا خطرہ مزید سیکڑوں میل تک پھیل جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ امکان ہے کہ جزیرہ نما فلوریڈا سے ٹکرانے تک ملٹن شدید سمندری طوفان کی شکل میں برقرار رہے گا۔

منگل کی صبح تک طوفان کی سمت میکسیکو کی بندرگاہ پروگریسو سے 105 کلومیٹر شمال، شمال مشرق اور خلیج تمپا کے 840 کلومیٹر جنوب مغرب کی جانب تھی جبکہ یہ 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھ رہا تھا۔

فلوریڈا میں مغربی ساحل سے متصل کاؤنٹیز میں نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو بلند مقامات پر پناہ لینے کے احکامات جاری کیے جاچکے ہیں۔

پنیلاس کاؤنٹی کے حکام نے 5 لاکھ افراد کو انخلا کے احکامات جاری کردیے ہیں جبکہ لی کاؤنٹی کے مطابق اس کے طوفان کی زد میں آنے والے علاقوں میں 4 لاکھ 16 ہزار افراد مقیم ہیں۔ اس کے علاوہ کم از کم چھ دیگر ساحلی کاؤنٹیز کی انتظامیہ بھی انخلا کے احکامات جاری کرچکی ہے۔

منگل کو آبادی کے انخلا کی مہلت کا آخری دن ہونے کے باعث مقامی حکام نے گیس اسٹیشنوں پر ٹریفک جام اور لمبی قطاروں کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے ۔

واضح رہے کہ 26 ستمبر کو فلوریڈا میں آنے والے کیٹیگری 4 کے سمندری طوفان ہیلینے کے باعث امریکا کے جنوب مشرق کے بیشتر حصوں میں تاحال امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

تباہ کن سمندری طوفان ہیلینے کے نتیجے میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور 6 ریاستوں میں اربوں ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔