پاکستان

الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں پر جلد فیصلہ کرے، اسپیکر قومی اسمبلی کا دوسرا خط

اسپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمانی رہنماؤں کی درخواست پر مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کو دوسرا خط لکھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان کو دوسرا خط لکھ دیا جس میں مخصوص نشستوں پر جلد فیصلہ کرنے کا کہا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمانی رہنماؤں کی درخواست پر مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کو دوسرا خط لکھ دیا جس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں پر جلد فیصلہ کرے۔

اس سے قبل پارلیمانی رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو خط لکھا، خط میں الیکشن ترمیمی بل کے تناظر میں خواتین اور غیر مسلم اراکین اسمبلی کی نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ نہ کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

پارلیمانی رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن کو جلد فیصلہ کرنے کے لیے خط لکھنے کی درخواست کی۔

پارلیمانی رہنماؤں کی استدعا پر ایاز صادق نے الیکشن کمیشن کو دوسرا خط لکھ دیا۔

خط میں یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ آئینی ترمیمی بل 2024 منظور ہو چکا ہے، اب الیکشن کمیشن جلد سے جلد خواتین اور غیر مسلم اراکین کی نشستوں کے حوالے سے فیصلہ کرے۔

یاد رہے کہ 19 ستمبر کو اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو خط لکھ کر الیکشنز ایکٹ میں ترمیم سے آگاہ کیا، الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد مخصوص نشستیں تبدیل نہیں کی جاسکتیں۔

چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ ترمیمی الیکشن ایکٹ کے تحت کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے والا آزاد رکن اب پارٹی تبدیل نہیں کرسکتا۔

خط کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن ایکٹ میں تبدیلی ہوچکی ہے، جس کا اطلاق ماضی سے ہوتا ہے، الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوسکتا۔