پاکستان

بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ طوفان میں تبدیل ہونے کا خدشہ

یہ سسٹم اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں پاکستان کی ساحلی پٹی کو متاثر کرسکتا ہے، این ای او سی

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباؤ بن رہا ہے جو طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

این ای او سی نے ابتدائی الرٹ جاری کرتے ہوئےخدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ سسٹم اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں پاکستان کی ساحلی پٹی کو متاثر کرسکتا ہے۔

این ای او سی کے مطابق بحیرہ عرب میں تشکیل پانے والا ہوا کاکم دباؤ اس وقت لکشدیپ ویلی کے قریب موجود ہےاور امکان ہےکہ شمال مغرب کی جانب حرکت کرے گا۔

ابتدائی پیش گوئی میں ہوا کے کم دباؤ کی شدت اور حرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا گیا ہےکہ یہ سسٹم اکتوبر کے تیسرے ہفتے پاکستانی ساحلی پٹی کو متاثر کرسکتا ہے ۔

این ای او سی کے جاری کردہ انتباہ میں مزید کہا گیا ہےکہ خدشہ ہےکہ ہوا کا یہ کم دباؤ ایک مکمل سمندری طوفان میں تبدیل ہونے اور پاکستان کی ساحلی پٹی کو متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

این سی او سی نے اپنے الرٹ میں شہریوں اورمتعلقہ افراد بالخصوص ساحلی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو صورتحال کےبارے میں جاری کردہ حکومتی ہدایات سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے تاکہ بروقت اپ ڈیٹ فراہم کیا جا سکے اور ضرورت کے مطابق مزید ایڈوائزری جاری کی جا سکے۔

ڈان نیوز کے مطابق تاحال ہوا کا کم دباؤ تشکیل نہیں پایا ہے، امکان ہے کہ یہ بدھ کو تشکیل پائےگا اور فی الحال اس کی شدت کا اندازہ لگانا قبل ازوقت ہے۔