پاکستان

علی امین گنڈاپور نے گمشدگی کا ڈراما رچایا، وفاقی وزیر اطلاعات

پچھلے 24 گھنٹوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کے خلاف کیمپین چلائی گئی، پی ٹی آئی کا ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کا منصوبہ ناکام ہوا، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے گمشدگی کا ڈراما رچایا اور حواریوں کو اسلام آباد لاکر خود بھاگ گئے۔

انہوں نے ٹی وی پر نشر اپنے خصوصی بیان میں کہا وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور ایک غیرذمے دار شخص ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے نہ صرف امن و امان کے ساتھ کھلواڑ کیا بلکہ ملک کا تشخص خراب کرنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور اپنے حواریوں کو اسلام آباد لاکر خود فرار ہو کر کے پی ہاؤس چلے گئے اور نہ صرف وہاں روپوش ہوئے بلکہ وہاں سے بھی راہ فرار اختیار کی۔

عطا تارڑ نے سوال کیا کہ علی امین گنڈاپور پچھلے 24 گھنٹے سے کہاں غائب تھے؟ وہ کہاں چھپے ہوئے تھے اور انہوں نے راہ فرار کیسے اختیار کی؟

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے امن و خراب کرنے کی کوشش کی اور ڈراما رچایا، انہوں نے ایک کانسٹیبل کی جان لی، یہ ڈرامہ کیوں رچایا گیا تھا اور لوگوں کو بے سروسامانی کی حالت میں چھوڑا گیا؟

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں ملک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومت کے خلاف ایک کیمپین چلائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کا جھوٹ پوری دنیا کے سامنے آگیا، ان کی گمشدگی کے حوالے سے پروپیگنڈا کیا گیا، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کا منصوبہ ناکام ہوا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت کا مؤقف سچ ثابت ہوا ہے، تحریک انتشار کا مکروہ چہرا پوری قوم کے سامنے آیا ہے۔