فسلطین سے اظہار یکجہتی کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کل ایوان صدر میں منعقد ہوگی
فلسطین اور غزہ کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے آل پارٹی کانفرنس کل ایوان صدر میں ہوگی۔
ڈان نیوز کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹی کانفرنس کل سہہ پہر 3 بجے ایوان صدر میں منعقد ہوگی۔
واضح رہے کہ 4 اکتوبر کو وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کے بعد 7 اکتوبر کو فلسطینیوں کےساتھ یوم یکجہتی منانے اور آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا تھا۔
ملاقات میں غزہ اور فلسطین میں نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے اور فلسطینی بہن بھائیوں کے حق میں آواز اٹھانے کے لیے وزیرِ اعظم کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ملاقات کے بعد یوم یکجہتیِ فلسطین اور آل پارٹیز کانفرنس کے لیے کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی تھی،کمیٹی میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، شیری رحمٰن، خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری شامل ہوں گے۔
قبل ازیں حکومتی وفد نے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں اسلام آباد میں جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔
حکومتی وفد میں خواجہ سعدرفیق، نئیر بخاری، نوید قمر اور شیری رحمان شامل تھے جبکہجے یو آئی (ف) کی جانب سے مولاناعبدالغفورحیدری، مولاناصلاح الدین ایوبی، محمداسلم غوری بھی ملاقات میں شریک تھے۔
اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی اور سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمٰن کو کل ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔