پاکستان

غزہ میں ہزاروں خواتین اور بچوں کو شہید کیاگیا، حافظ نعیم الرحمٰن

ملین مارچ کے شرکاء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اسرائیل دہشت گردی کرکے بچوں کو بھی شہید کررہا ہے، امیر جماعت اسلامی

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ یہ ملین مارچ کسی جماعت کا نہیں بلکہ اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کیلیے ہے۔

کراچی میں غزہ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملین مارچ کے شرکاء کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یہ ملین مارچ کسی پارٹی کا نہیں بلکہ اہل غزہ اور فلسطین کی مزاحمتی تحریک سے اظہار یکجہتی کا ملین مارچ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے پاس بہت بڑی فوجی طاقت بھی ہے اور اس کی پشت پناہی کرنے والا ملک امریکا ہے، اسرائیل دہشت گردی کرکے بچوں کو بھی شہید کررہاہے، غزہ میں ہزاروں خواتین اور بچوں کو شہید کیاگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دہشت گردی کے پیچھے امریکا، اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، اقوام متحدہ کے حالیہ اجلاس میں نیتن یاہو نے گریٹر اسرائیل کا نقشہ پیش کیا، اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر کے دوران واک آؤٹ کرنے والے ممالک کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہمارا المیہ یہ ہے کہ مسلمان ممالک اپنا کردار ادا نہیں کررہے، مسلم ممالک کے پاس بہترین افواج ہونے کے باوجود اسرائیل نہتے لوگوں پر بمباری کررہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ غزہ کے بچوں، عورتوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو اسرائیل کے مظالم کے اگے جھک اور دب نہیں رہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وہ ملین مارچ کے توسط سے پورے پاکستان کے تمام طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو کل بارہ بجے سڑکوں پر نکل کر غزہ سے اظہار یکجہتی کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔