علی امین گنڈا پور کی گمشدگی، وزیر داخلہ کی لاعلمی ڈرامہ بازی کے سوا کچھ نہیں، بیرسٹر سیف
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے وزیر داخلہ ہونے کے ناطے محسن نقوی کی وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی گمشدگی بارے لا علمی ڈرامہ بازی کے سوا کچھ نہیں۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور گورنر کے پی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ محسن نقوی اور فیصل کریم کنڈی نے میڈیا کے سامنے کمال کی اداکاری کی۔
انہوں نے کہا کہ گورنر فیصل کریم کنڈی پرائے کی شادی میں عبداللہ دیوانے بنے ہوئے ہیں، وزیراعلی کی جبری گمشدگی کا براہ راست ذمہ دار وزیر داخلہ محسن نقوی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا ہاؤس میں توڑ پھوڑ واضح ثبوت ہے کہ وزیراعلی کو زبردستی حراست میں لیا گیا ہے جب کہ کے پی ہاؤس میں بھاری اکثریت سے منتخب وزیراعلیٰ پر حملہ فیڈریشن پر حملہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا ہاؤس میں کی گئی توڑ پھوڑ کی مرمت نہیں کی جائے گی بلکہ تاریخ کے طالب علموں کے لیے محفوظ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اسلام آباد میں رونما ہونے والے واقعات میں پولیس کو مطلوب ہیں، ہم نے ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے تھے لیکن وہ ابھی پولیس یا کسی اور ادارے کی تحویل میں نہیں ہیں۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور خود ساختہ روپوشی میں ہیں، وہ گاڑی کی ڈگی میں فرار ہوگئے اور اب اسمبلی اجلاس بلاکر یہ الزام حکومت پر ڈالا جائے گا۔