وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور خود ساختہ روپوشی میں ہیں، فیصل کریم کنڈی
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور خود ساختہ روپوشی میں ہیں، وہ گاڑی کی ڈگی میں فرار ہوگئے اور اب اسمبلی اجلاس بلاکر یہ الزام حکومت پر ڈالا جائے گا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں امن وامان قائم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ علی امین گنڈاپور چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے نہ نکلیں، وہ گاڑی کی ڈگی میں فرار ہوگئے اور خود ساختہ روپوشی میں ہیں جب کہ صوبائی حکومت اسمبلی اجلاس بلاکر ان کی روپوشی کا الزام حکومت پر ڈالے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا اس وقت ایک ہی ایجنڈا ہے اور وہ ہے ملک دشمنی، کیوں کہ چینی وزیراعظم کے دورے پر بھی پی ٹی آئی نے یہی کیا تھا اور یہ ایس سی او اجلاس کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ یہ ڈینگی کا مچھر نہیں مارسکتے، کل ایک جتھہ آیا جو خود کو پرامن کہہ رہا تھا، وکٹ کی دوسری جانب کوئی بھی ہوسکتا ہے۔