پاکستان

کراچی: سی ٹی ڈی کی کارروائی، ڈی ایس پی علی رضا کے قتل میں ملوث ملزمان ہلاک

7 جولائی کو دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی افسر علی رضا کو شہید کیا، ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، ترجمان

کراچی کے علاقے شیر شاہ میں اکبر روڈ پر محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کے دوران ڈی ایس پی علی رضا کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو ہلاک کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ہمیں اطلاعات ملی کہ لشکر جھنگوی کراچی کا امیر حافظ قاسم رشید اور عثمان اس قتل میں براہ راست ملوث ہے اور کالعدم سپاہ صحابہ کے دہشت گرد سید احمد حسن اور دیگر نے سہولت فراہم کی۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی نے شیر شاہ میں کارروائی کی، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں دونوں دہشت گرد مارے گئے، جن کے قبضے سے جدید اسلحہ خودکش جیکٹ بنانے کا سامان، اور ٹارگٹ کلنگ کی ایک لسٹ برآمد ہوئی۔

یاد رہے کہ 7 جولائی کو دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی افسر علی رضا کو شہید کیا جن کی ریکی کافی عرصے تک کی گئی تھی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والا دہشت گرد حافظ قاسم رشید 12 سال بعد جیل سے رہا ہوا تھا اور 35 سے زائد مقدمات میں ملوث تھا۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ریکی میں ملوث دو دہشت گردوں حمزہ اور نعیم کو ملتان سے واپسی پر کینٹ اسٹیشن سے گرفتار کیا،گرفتار ملزمان سے دوران تفتیش حافظ قاسم رشید اور عثمان کے ٹھکانوں کا پتہ چلا۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کریم آباد کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں محکمہ انسداد دہشت گردی(سی ٹی ڈی) کے افسر ڈی ایس پی علی رضا جاں بحق ہو گئے۔