پاکستان

100 سے زائد بار ٹریفک کی خلاف ورزی پر ڈرائیور پر 44 ہزار سے زائد جرمانہ

گاڑی کے مالک کو 103 بار خلاف ورزیوں کی تصاویر دکھائیں تو انہوں نے موقع پر ہی جرمانہ ادا کر دیا، ٹریفک پولیس

لاہور میں 103 بار ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑی پکڑی گئی جس پر 44 ہزار 500 روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں ’ٹریفک کی خلاف ورزیوں کی سنچری‘ بنانے پر ٹریفک پولیس نے کار مالک کو 44 ہزار 500 روپے کا چلان تھما دیا۔

لاہور ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈن نے گاڑی کے مالک کو شہر کی مختلف سڑکوں پر گاڑی چلاتے ہوئے 103 خلاف ورزیوں کی تصاویر دکھائیں توانہوں نے موقع پر ہی جرمانہ ادا کر دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کو بتایا گیا کہ اس نے 61 بار ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کی، 35 بار لین کی خلاف ورزی کی۔

ان کا کہنا ہے کہ کار ڈرائیور ایک طالب علم ہے جس نے ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے کے علاوہ 6 بار تیز رفتاری سے گاڑی بھی چلائی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ خلاف ورزیاں دی مال، جیل روڈ، مین بلیوارڈ، گلبرگ، فیروز پور روڈ اور وحدت روڈ پر ڈرائیور کی جانب سے کی گئیں، لیکن اس نے ای چالان جاری ہونے کے باوجود جرمانے کی ادائیگی کی کبھی زحمت نہیں کی۔