پاکستان

ڈان میڈیا کا موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ’بریتھ پاکستان‘ مہم کا آغاز

بریتھ پاکستان مہم کو ہر پاکستانی اپنی ملکیت سمجھے، موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ مل کر لڑی جاسکتی ہے، سی ای او ڈان ناز آفرین سہگل

ڈان میڈیا نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ’بریتھ پاکستان‘ کے نام سے ایک مہم کا آغاز کررہا ہے جس کا مقصد ہر شہری کو ماحول کے فوری تحفظ کی جانب راغب کرنا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو بے قابو موسمیاتی تبدیلیوں کے چینلجز کا سامنا ہے جب کہ ملک میں شدید گرمی کی لہر، بڑے پیمانے پر گلیشیئر پگھلنے اور شہری ودیہی سیلاب میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جس سے نمٹنے کے لیے ڈان میڈیا گروپ نے ’بریتھ پاکستان‘ کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

ڈان کی چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ناز آفرین سہگل لاکھانی نے کہا ہے کہ ڈان میڈیا اتحاد کی طاقت پر یقین رکھتا ہے اور ایک اجتماعی مقصد کے لیے اکھٹا ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی اس مہم کو اپنی ملکیت سمجھے جو وسیع تر پالیسی میں تبدیلی پر اثرانداز ہونے اور ایک پائیدار مستقبل کی بنیاد قائم کرنے سے متعلق ہے۔

بریتھ پاکستان مہم ایک کراس پلیٹ فارم میڈیا اپروچ کے ذریعے ماحولیاتی استحکام سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے کوشاں ہے جب کہ اس مہم کے دوران موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے 2025 کے آغاز میں ماحولیاتی ماہرین اور تھنک ٹینکس کے ساتھ مشترکہ کانفرنس منعقد کرے گا تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے خلاف ایک مربوط حکمت عملی طے کی جاسکے۔

گزشتہ ماہ شائع ہونے والی ورلڈ رسک انڈیکس 2024 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو آفات کے سب سے زیادہ خطرے والے 15 ممالک میں شامل کیا گیا ہے۔

گزشتہ سال دسمبر میں جاری ہونے والی ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پاکستان میں 10 میں سے 8 افراد موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے پریشان ہیں۔

پاکستان میں کلائمیٹ سائلنس نامی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان کو بہت زیادہ متاثر کیا ہے جو کہ بدلتے ہوئے موسمی نمونوں اور تباہ کن سیلابوں سے ظاہر ہوتا ہے۔

حکومتی اندازوں کے مطابق، 2022 کے سیلاب نے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد کو متاثر کیا اور 1700 افراد جاں بحق ہوئے، جو موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کا ثبوت ہے۔