پاکستان

ایس سی او سمٹ کی سیکیورٹی کیلئے کسی کو انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، سیکیورٹی ذرائع

اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی کے لیے خیبرپختونخوا سے بھی دستے روانہ ہوگئے ہیں، فوجی دستے اسلام آباد و گرد و نواح میں تعینات کیے جائیں گے، سیکیورٹی ذرائع
|

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سمٹ کی سیکیورٹی کے لیے کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسلام آباد میں کل سے فوج کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن پہلے ہی جاری کیا جاچکا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی کے لیے خیبرپختونخوا سے بھی دستے روانہ ہوگئے ہیں، فوجی دستے اسلام آباد و گرد و نواح میں تعینات کیے جائیں گے اور کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ذرائع نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور شنگھائی تعاون تنظیم سمٹ کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی، سیکیورٹی اقدامات کا مقصد شہریوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ شرپسندوں کے عقب فوجی دستے روانہ کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ جمعہ کی شام ہی وزارت داخلہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کی سیکیورٹی کے سلسلے میں 5 سے 17 اکتوبر تک فوج کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا تھا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آج اسلام آباد کے ریڈ زون میں ڈی چوک پر احتجاجی مظاہرے کے اعلان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے اکثر داخلی اور خارجی راستوں، سڑکوں اور شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں سمیت 30 افراد کو ڈی چوک سے گرفتار کرلیا گیا۔