یوٹیوب شارٹس میں 3 منٹ دورانیے کی ویڈیو شیئر کرنا ممکن
اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے شارٹس کے سیکشن میں تین منٹ دورانیے تک کی ویڈیو کو شیئر کرنے کا فیچر پیش کردیا۔
کمپنی کے مطابق اب صارفین یوٹیوب شارٹس پر تین منٹ دورانیے کی ریلز بھی اپ لوڈ کر سکیں گے۔
تین منٹ دورانیے کی ویڈیو کو اپ لوڈ کرنے کا فیچر اگرچہ متعارف کرادیا گیا، تاہم اس پر صارفین 15 اکتوبر کے بعد ہی ویڈیو پوسٹ کر سکیں گے۔
علاوہ ازیں یوٹیوب شارٹس کو بہتر بنانے کے لیے بھی ایڈیٹنگ ٹولز سمیت تھیم فیچرز بھی پیش کردیے گئے۔
یوٹیوب کے مطابق متعارف کرائے گئے نئے تھیمز اور فیچرز کے مطابق مواد تخلیق کار یوٹیوب شارٹس کو بہتر انداز میں بنا کر اپنی انگیجمنٹ بڑھا سکیں گے۔
اسی طرح دیگر متعدد فیچرز بھی یوٹیوب شارٹس کا حصہ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ یوٹیوب شارٹس کو ستمبر 2020 میں متعارف کرایا گیا تھا، بعد ازاں یوٹیوب شارٹس کے ذریعے پیسے کمانے کا آغاز بھی کیا گیا تھا۔
یوٹیوب شارٹس مختصر ویڈیوز ہوتی ہیں جو کہ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام ریلز کی طرح ہوتی ہیں اور اب تک یوٹیوب پر شارٹس ویڈیوز کو صرف ایک منٹ دورانیے تک اپلوڈ کیا جا سکتا تھا، تاہم 15 اکتوبر کے بعد صارفین تین منٹ دورانیے کی ویڈیو بھی پوسٹ کر سکیں گے۔