پاکستان

توشہ خانہ ٹو کیس: بشری بی بی کی درخواستِ ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، بشری بی بی کی جانب سے خالد یوسف چوہدری اور بیرسٹر خدیجہ صدیقی پیش ہوئے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی درخواستِ ضمانت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو اگلے ہفتے کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی، اس موقع پر بشری بی بی کی جانب سے خالد یوسف چوہدری اور بیرسٹر خدیجہ صدیقی پیش ہوئے۔

وکیل بشری بی بی کا کہنا تھا کہ درخواست گزار خاتون ہے اور 13 جولائی سے قید ہے، جس پر جسٹس میاں گل حسن ارونگزیب نے بتایا کہ جی میں نے فائل پڑھی ہے۔

وکیل نے دلائل جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ بشری بی بی کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری ٹرائل کورٹ نے خارج کی تھی اور اب اس عدالت سے رجوع کیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا تھا کہ بشری بی بی کی ضمانت کی درخواست پر نوٹس جاری کردیا اور کیس اگلے ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔

وکیل بشری بی بی نے استدعا کی کہ ضمانت کی درخواست سوموار کے لیے مقرر کر دی جائے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ چیزوں کو روٹین میں چلنے دیں۔

بعد ازاں، عدالت نے سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی جبکہ اگلے ہفتے کی نئی تاریخ رجسٹرار آفس مقرر کرے گا۔

واضح رہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں فرد جرم عائد نہ ہو سکی تھی۔

پس منظر

یاد رہے کہ 12 ستمبر کو توشہ خانہ ٹو کیس کی تحقیقات کے لیے ایف آئی اےکی تین رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم(جے آئی ٹی) تشکیل دے دی تھی۔

نیب ترامیم کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد احتساب عدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس نیب سے ایف آئی اے کو منتقل کردیا تھا۔

قبل ازیں، عدالت نے توشہ خانہ 2 ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔

جبکہ 13جولائی کو نیب نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو عدت نکاح کیس میں ضمانت ملنے کے فوری بعد توشہ خانہ کے ایک نئے ریفرنس میں گرفتار کرلیا تھا۔

نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔