ملائیشین وزیر اعظم کی آرمی چیف سے ملاقات، دو طرفہ اسٹریٹجک مفادات پر تبادلہ خیال
ملائیشین وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی ہے، جس میں دو طرفہ اسٹریٹجک مفادات، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم نے علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملائیشین وزیراعظم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص فوجی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملائیشین وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کے دورے کی دعوت دی ہے۔
واضح رہے کہ 3 اکتوبر وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔
داتو سری انور ابراہیم اپنے تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو نور خان ایئربیس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔
اسلام آباد پہنچنے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو سلامی دی تھی، جبکہ اس موقع پر انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی، اس موقع پر روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو پھول پیش کیے تھے۔
گزشتہ روز وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ون آن ون ملاقات ہوئی تھی، جس میں دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بشمول امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا گیا تھا۔
مزید بتایا گیا تھا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بشمول امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانے اور اس حوالے سے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
گزشتہ روز ہی صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم کو اسلامی امور کی حمایت اور پاکستان کے بہترین دوست ہونے کے اعتراف میں نشانِ پاکستان سے نوازا تھا۔