کھیل

ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز، سری لنکا کو شکست

کپتان فاطمہ ثنا کی عمدہ آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو 31 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا کامیابی سے آغاز کردیا۔

پاکستان نے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ میں کپتان فاطمہ ثنا کی عمدہ آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو 31 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا کامیابی سے آغاز کردیا۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 116 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، کپتان فاطمہ ثنا نے 20 گیندوں پر 30 رنز کی باری کھیلی جبکہ ندا ڈار نے 23 اور عمیمہ سہیل نے 18 رنز کی باری کھیلی۔

سری لنکا کی جانب سے ادیشکا پرابودھانی، سوگاندیکا کماری اور چماری اتھاپتو نے تین، تین وکٹیں حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 85 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور 22 رنز بنانے والی نیلاشیکا سلوا اور 20 رنز بنانے والی وشمی گونارتنے کے سوا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔

پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہیں جبکہ فاطمہ ثنا، عمیمہ سہیل اور نشرہ سندھو نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔