پاکستان

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے دفاعی ڈویژن کے منصوبوں کیلئے 45 ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی

اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ملازمین کے لیے خصوصی الاؤنس میں اضافے کی تجویز کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ملازمین کے لیے خصوصی الاؤنس میں اضافے کی تجاویز کی منظوری دینے کے ساتھ ساتھ دفاعی ڈویژن کے منظورشدہ منصوبوں کے لیے 45 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دے دی گئی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں فیڈرل جنرل ہسپتال چک شہزاد اسلام آباد میں اینٹی ریبیز ویکسین (اے آر وی) کی قلت کے حوالے سے وزارت قومی صحت کی سمری پر غور کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ہسپتال میں استعمال ہونے والی اے آر وی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد کے ذریعہ تیار کی گئی ہے اور اس کی موجودہ قیمت 891.65 روپے ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ ویکسین مارکیٹ میں 2126.40 روپے اور غیر منظور شدہ ویکسین 1266.14 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔

غور و خوض کے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد کی تیار کردہ ویکسین اے آر وی کی زیادہ سے زیادہ قیمت کو 891.65 روپے سے بڑھا کر 1980 روپے فی 0.5 ملی لیٹر وائل/ڈوز کرنے کی منظوری دے دی تاکہ درآمد شدہ مواد کی قیمت پوری کی جا سکے اور سرکاری ہسپتالوں کو ویکسین کی فراہمی یقینی بھی بنائی جا سکے۔

اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ملازمین کے لیے خصوصی الاؤنس میں اضافے کی تجویز کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اے این ایف ملازمین کی تنخواہیں دیگر وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ملازمین کے مقابلے میں کافی کم ہیں حالانکہ وہ انہی خطرات اور چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں۔

اجلاس کوبتایا گیا کہ الاؤنس کی 26 کروڑ 77 لاکھ 44 ہزار روپے کی رقم رواں مالی سال کے منظور شدہ بجٹ کے اندر ہی پوری کی جائے گی۔

اجلاس میں آذربائیجان کے شہر باکو میں نومبر 2024 میں منعقد ہونے والی کوپ 29 کانفرنس کے اخراجات کے ضمن میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے سمری پر 15کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے بری طرح متاثر ہے اورکوپ 29 کانفرنس میں پاکستان قابل تجدید توانائی کے منصوبے، شجرکاری کی کوششوں اور قدرتی آفات کے خطرات میں کمی کے اقدامات پیش کرے گا۔

اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے آئندہ سال اپریل میں پاکستان میں ہونے والے 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کے اخراجات کے لیے 40 کروڑ روپے کی گرانٹ کی تجویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ اس پر مزید غور کیا جائے گا اور یہ تجویز آئندہ اجلاس میں دوبارہ پیش کی جائے گی۔

اجلاس میں ڈیفنس ڈویژن کی سمری پر 45 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی تاکہ جاری مالی سال کے دوران دفاعی خدمات کے مختلف منظور شدہ منصوبے مکمل کیے جا سکیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیرصنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر مملکت خزانہ و محصولات علی پرویز ملک، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کے سینئر افسران نے شرکت کی۔