شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کیلئے جامع سیکیورٹی پلان منظور
اجلاس میں کئی ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے اور یہ قوم کے لیے اعزاز کی بات ہے، وفاقی وزیر داخلہ
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پاکستان میں منعقد ہونے والے سربراہی اجلاس کے لیے جامع سیکیورٹی پلان کی منظوری دی گئی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکریٹریز، چیف کمشنر، آئی جی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمانڈنٹ ایف سی، پاکستان رینجرز کے سیکٹر کمانڈر اور سیکیورٹی ایجنسیز کے نمائندگان نے اس اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے ملک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں کئی ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے اور یہ قوم کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاک فوج، رینجرز، ایف سی اور پنجاب پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔