پاکستان

15لاکھ روپے بلا سود قرض دے رہے ہیں، مریم نواز کا ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ اسکیم کی تقریب سے خطاب

اڈیالہ جیل میں بیٹھا شخص ہمیشہ کہتا ہے آگ لگادو، توڑ پھوڑ کردو، کیا اڈیالہ جیل میں بند شخص نے اپنے وزیراعلیٰ کو عوام کی خدمت کا کہا؟، وزیر اعلیٰ پنجاب کی عمران خان پر تنقید

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے چیک تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نوازشریف کا خواب تھا جو پورا ہو رہا ہے جس کے تحت 15 لاکھ روپے بلا سود قرض دے رہے ہیں۔

لاہور میں اپنی چھت اپنا گھر اسکیم کے چیک تقسیم کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نوازشریف بھی شریک ہوئے۔

تقریب کے دوران نواز شریف نے قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے لوگوں میں چیک تقسیم کیے۔

مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف کی شکرگزار ہوں کہ وہ یہاں آئے، یہ نوازشریف کا خواب تھا جو پورا ہو رہا ہے، نواز شریف کی شرکت کے بغیر یہ تقریب ادھوری رہتی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 15 لاکھ روپے قرض دے رہے ہیں، کوئی سود نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے ایک ماں کو اپنے بچوں کی فکر ہوتی ہے، مجھے اور نواز شریف کو بھی آپ کےگھر کی فکر ہے، ہم عوام کی خدمت کےلیے بھرپور اقدامات کررہےہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ہم ملک کی ترقی کے لیے دن رات اقدامات کر رہے ہیں لیکن کچھ لوگ انتشار پھیلا رہےہیں، کچھ لوگوں کی توجہ عوام کی خدمت کے بجائے گالم گلوچ پر ہے، مجھے کسی کی گالم گلوچ کی فکر نہیں۔

انہوں نے نام لیے بغیر سابق وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کبھی آپ نے سنا کہ اڈیالہ جیل میں بیٹھے شخص نے اپنی خیبر پختونخوا حکومت کو پیغام دیا ہو کہ آج سے صوبے میں دوائیں مفت دی جائیں، لوگوں کو صحت کارڈ دیں، جو اڈیالہ جیل میں بند ہے، کیا اس نےکبھی اپنے وزیراعلیٰ سےصوبے کا پوچھا ؟

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں بیٹھا شخص ہمیشہ کہتا ہےکہ آگ لگادو، توڑ پھوڑ کردو، کیا اڈیالہ جیل میں بند شخص نے اپنے وزیراعلیٰ کو عوام کی خدمت کا کہا؟

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یہ چاہتےہیں 2 صوبے ایک دوسرے کے سامنےآجائیں، ایسا نہیں ہوگا۔