دنیا

بنکاک: اسکول بس میں آتشزدگی، طلبہ سمیت 23 افراد ہلاک

واقعے میں ہلاک 23 لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، فارنزک سائنس کمشنر

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں 40 طلبہ اور اساتذہ کو فیلڈ ٹرپ پر لے جانے والی ایک اسکول بس میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں طلبہ سمیت 23 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق فارنزک سائنس کمشنر تریرونگ فیوپان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 23 لاشیں نکالی جا چکی ہیں اور آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

وزیر داخلہ انوتین چرنویراکول نے صحافیوں سے گفتگو میں تقریباً 25 افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظایر کیا تھا۔

وزیر ٹرانسپورٹ سوریا جونگرونگروانگٹ کا کہنا تھا کہ 16 طلبہ اور 3 اساتذہ کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بس میں ایندھن کے لیے قدرتی گیس (NGV) کا استعمال کیا جا رہا تھا۔

قائم مقام پولیس چیف کٹیراٹ فانفیٹ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اساتذہ نے ہمیں بتایا کہ آگ بہت تیزی سے پھیلی، عینی شاہدین سے بات کرنے کے بعد ہمارا ماننا ہے کہ آگ ٹائر سے نکلنے والی چنگاری کی وجہ سے لگی جس نے فیول فراہم کرنے والے گیس سیلنڈر کے ذریعے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کچھ طلبہ نے کھڑکی سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی۔

پولیس سربراہ نے کہا کہ ہم بس کمپنی سمیت تمام افراد سے تفتیش کر رہے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کہیں یہ واقعہ لاپرواہی کی وجہ سے تو پیش نہیں آیا۔

سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ مقامی میڈیا کی جانب سے واقعے کی تصاویر جاری کی گئی ہیں جس میں بس سےدھواں نکلتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے جبکہ بس کے کچھ حصوں میں آگ لگی بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

رائٹرز کی جانب سے بھی واقعے کی تصاویر جاری کی گئی ہیں جس میں ریسکیو اہلکاروں اور پولیس کو جلی ہوئی بس کے پاس کھڑا دیکھا جاسکتا ہے تاہم بعد میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔

وزیر اعظم پیتونگٹرن شناوترا نے کہا کہ یہ طلبہ اوتھائی تھانی صوبے کے فیلڈ ٹرپ پر تھے جو بنکاک سے تقریباً 250 کلومیٹر (155 میل) کے فاصلے پر واقع ہے۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا کہ ایک ماں کی حیثیت سے میں حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔