پاکستان

ڈیرہ اسمٰعیل خان میں ڈی ایس پی کا بیٹا قتل

ضلع ٹانک میں نامعلوم حملہ آوروں نے ڈی ایس پی کے بیٹے کو قتل کرکے ان کی لاش پہاڑی علاقے عبدالخیل گاؤں میں پھینک دی۔

ڈیرہ اسمٰعیل خان کے ضلع ٹانک میں نامعلوم حملہ آوروں نے ڈی ایس پی کے بیٹے کو قتل کرکے ان کی لاش پہاڑی علاقے عبدالخیل گاؤں میں پھینک دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ضلع ٹانک میں تھانہ شہید نواب خان کی حدود سے پولیس کو ایک لاش ملی، مقتول کی شناخت محمد نعمان سے ہوئی جو ڈی ایس پی ٹانک حاجی سید مرجان خان کے صاحبزادے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ نوجوان کی لاش کو کھیتوں میں پھینکنے سے پہلے اسے متعدد گولیاں ماری گئیں، پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی۔

دوسری جانب ڈیرہ اسمٰعیل خان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات میں دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور تین بچے زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق گومل کلاں کا رہائشی 34 سالہ وحید ملانہ تین بچوں کے ساتھ موٹر سائیکل پر پارک سے گھر واپس آرہا تھا جب وہ مفتی محمود چوک کے قریب پہنچے تو ایک پک اپ نے ان کو ٹکر مار دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ ان کے ساتھ موجود بچے زخمی ہوئے۔

لاش اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ اسمٰعیل خان منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے مقتول کے بھائی کی رپورٹ پر مقدمہ درج کر لیا۔

ایک اور حادثے میں پوٹہ کے علاقے ٹانک روڈ پر موٹر سائیکل سوار کو نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی، موٹر سائیکل سوار کی شناخت عبدالرزاق کے نام سے ہوئی جو موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔