پاکستان

جلسےکی آڑ میں فساد اور تماشا لگانے نہیں دیں گے، عظمیٰ بخاری

راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے، اگر قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائے گا، وزیر اطلاعات پنجاب

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جلسےکی آڑ میں فساد اور تماشا لگانے نہیں دیں گے جب کہ پنجاب میں بدمعاشی، غندا گردی اور دہشت گردی کی اجازت نہیں ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے کل لاؤ لشکر کے ساتھ انقلاب لانے کی کوشش کی، ان کی نجی فورس نے کانچ کے ٹکڑے مارے جس سے 25 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں بدمعاشی، غندا گردی اور دہشت گردی کی اجازت نہیں ہے، جلسےکی آڑمیں فساد اور تماشا لگانے نہیں دیں گے، اگر قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائے گا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حالات خرابی کی ذمہ داری علی امین گنڈاپور پر عائد ہوگی۔

وزیراطلاعات پنجاب نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کی سازش کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی کوبھی احتجاج کے نام پرسڑکیں اور چوراہے بند کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔