پاکستان

حکومت نے کل ماڈل ٹاون جیسے سانحے کا پروگرام بنا رکھا تھا، بیرسٹر سیف

حکومت فسطائیت کے تمام ریکارڈ توڑ رہی ہے، پی ٹی آئی کے کارکنان نے بدترین فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے دعوی کیا ہے کہ حکومت نے کل ماڈل ٹاون جیسے سانحے کا پروگرام بنا رکھا تھا لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دلیر کارکنان نے بدترین فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے کارکنوں پر سیدھی گولیاں چلائی گئیں، راولپنڈی شہر اور موٹروے مقبوضہ کشمیر کا منظر پیش کررہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خواتین پر شیلنگ کی گئی، بدترین مارشل لا میں بھی اس طرح کی فسطائیت نہیں ہوتی، حکومت فسطائیت کے تمام ریکارڈ توڑ رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پی ٹی آئی کے تمام کارکنان کو کامیاب احتجاج ریکارڈ کرانے پر مبارکباد پیش کرتےہیں۔

بیرسٹرسیف نے وزیراعلی پنجاب کو پیغام دیا کہ مریم نواز تیاری پکڑیں، اگلے ہفتے علی امین گنڈاپور پھر پنجاب آ کر احتجاج ریکارڈ کریں گے۔