پاکستان

پی آئی اے نے پاکستان کا پہلا قومی سیاحتی ایوارڈ اپنے نام کرلیا

عالمی سیاحتی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں قومی ایئرلائن نے پہلا سیاحتی ایوارڈ حاصل کیا ہے، ترجمان پی آئی اے

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے پاکستان کا پہلا قومی سیاحتی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

پی آئی اے کے ترجمان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق عالمی سیاحتی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب میں قومی ایئرلائن نے پہلا سیاحتی ایوارڈ حاصل کیا ہے اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو افسر ایئر وائس مارشل عامر حیات نے ایوارڈ وصول کیا۔

پی آئی اے کو یہ ایوارڈ ملکی سیاحت کے فروغ میں پی آئی اے کے کردار پر دیا گیا ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے واحد ملکی فضائی سروس ہے جو ملک کے طول و عرض کو اندرون و بیرون ملک سے منسلک کرتی ہے، پاکستان کے خوبصورت ترین شمالی علاقہ جات کو دنیا میں متعارف کروانے کی ایک مہم بھی پی آئی اے نے چلائی۔

مزید کہا گیا کہ یہ ایوارڈ حاصل کرنا پی آئی اے کے لیے اعزاز کی بات ہے اور ہمارے قومی کردار کا اعتراف ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ بحیثیت قومی ایئرلائن پی آئی اے اپنا کردار بخوبی نبھاتی رہے گی اور ملکی سیاحت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔