پاکستان

پاکستان کو توانائی کے قابل تجدید ذرائع پر منتقلی کیلئے تخلیقی راستے اختیار کرنا ہوں گے، اویس لغاری

پاکستان اس ضمن میں چین کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے اور ایشیائی ترقیاتی بینک کا مجوزہ انرجی ٹرانزیشن میکانزم بھی اس کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے، وفاقی وزیر بجلی

وفاقی وزیر بجلی اویس خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان کو ماحول دشمن ذرائع توانائی سے قابل تجدید توانائی کے ذرائع پر منتقلی کے لیے سرمائے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تخلیقی راستے اختیار کرنا ہوں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور کی نجی یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی ایشیا انرجی ٹرانزیشن سمٹ کے اختتامی سیشن سے خطاب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اس ضمن میں چین کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے اور ایشیائی ترقیاتی بینک کا مجوزہ انرجی ٹرانزیشن میکانزم بھی اس کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔

سمٹ کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا کہ پاکستان جیسے ممالک میں قابل تجدید توانائی کی طرف منتقلی کی اشد ضرورت ہے، لیکن اس کے لیے مالی وسائل کی ضرورت ہے جو کہ ان ممالک کے پاس نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان ممالک کو قابل تجدید توانائی کی منتقلی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے کیونکہ یہ ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہیں۔