پاکستان

پاکستان میں رواں برس پولیو کا 24واں کیس حیدرآباد سے رپورٹ

پولیو لیبارٹری کے مطابق متاثرہ بچے کی عمر 29 ماہ ہے، سندھ میں اب تک پولیو کیسز کی تعداد 5 ہو چکی ہے۔
|

پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آ گیا، جس کے بعد رواں برس رپورٹ کیسز کی تعداد 24 تک جا پہنچی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق انسداد پولیو کے لیے قائم نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کی ترجمان عائشہ رضا فاروق نے بتایا کہ پولیو کیس سندھ کے ضلع حیدرآباد سے رپورٹ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیو لیبارٹری کے مطابق متاثرہ بچے کی عمر 29 ماہ ہے، مزید کہا کہ سندھ میں اب تک پولیو کیسز کی تعداد 5 ہو چکی ہے۔

عائشہ رضا فارق نے بتایا کہ پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جامع روڈ میپ تیار کر لیا ہے، ہائی رسک اضلاع میں بچوں تک ویکسین کی رسائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچانے کے انسدادِ پولیو اقدامات (پی ای آئی) اور ای پی آئی مل کر ’بگ کیچ اپ‘ اقدام شروع کر رہے ہیں۔

دریں اثنا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حیدرآباد میں پولیو کیس کا نوٹس لیتے ہو۴ے محکمہ صحت سے پولیو کیس انکوائری کی رپورٹ طلب کرلی۔

مراد علی شاہ نے محکمہ صحت سندھ کو پولیو کی خصوصی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ متحد ہوکرپولیو کے مرض کا خاتمہ کرناہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جب بھی نیا پولیو کیس ظاہر ہوتا ہے، شدید تکلیف ہوتی ہے، دنیا ترقی کی نئی راہیں تلاش کر رہی ہے اور ہم پولیو سے نجات حاصل نہیں کرسکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں پولیو کا کیس رپورٹ ہوا تھا، جس سے رواں سال پاکستان میں رپورٹ ہونے والے پولیو کے کیسز کی تعداد 23 ہو گئی تھی۔

پولیو لیبارٹری کے مطابق کوہاٹ میں ایک 10 ماہ کی بچی کا بازو پولیو سے متاثر ہوا۔