پاکستان

وزارت خزانہ کی ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی کی پیش گوئی

ملک میں مہنگائی سنگل ڈجٹ میں آچکی ہے، جبکہ ستمبر اور اکتوبر میں مہنگائی 8 سے 9 فیصد کے درمیان رہنے کا تخمینہ ہے، ماہانہ اقتصادی رپورٹ

وزارت خزانہ نے ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی کی پیش گوئی کردی۔

وزارت خزانہ نے ماہانہ اقتصادی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق ملک میں مہنگائی سنگل ڈجٹ میں آچکی ہے، جبکہ ستمبر اور اکتوبر میں مہنگائی 8 سے 9 فیصد کے درمیان رہنے کا تخمینہ ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان میں مہنگائی تقریباً تین سال بعد سنگل ڈجٹ میں آگئی تھی، اگست 2024 میں مہنگائی کی شرح 9 اعشاریہ 64 فیصد رہی، اکتوبر 2021 کے بعد پہلی بار ملک میں مہنگائی کی شرح سنگل ڈجٹ ریکارڈ کی گئی تاہم رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ جولائی اور اگست کے دوران اوسط مہنگائی ڈبل ڈجٹ 10 اعشاریہ 36 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، بڑے شعبوں کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے، جاری کھاتوں کے خسارے میں کمی ہوئی ہے۔

ستمبر میں برآمدات ڈھائی سے تین ارب ڈالرز کے درمیان رہنے کی توقع ہے، ستمبر میں ترسیلات زر 2 ارب 70 کروڑ ڈالرز سے 3 ارب 20 کروڑ ڈالرز تک رہنے کا امکان ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ دکھائی دے رہا ہے اور برآمدی شعبے اپنے پیداوار کو بڑھانے کے لیے تیار دکھائی دے رہے ہیں۔