پاکستان

اسٹیبلشمنٹ سے کسی قسم کے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، بانی پی ٹی آئی

28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسہ نہیں احتجاج کریں گے اور عدالت سے راولپنڈی جلسے کی درخواست واپس لیں گے، اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو

بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عمران خان نے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسے کے بجائے احتجاج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے کسی قسم کے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔

بانی پی ٹی آئی نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسہ نہیں احتجاج کریں گے اور عدالت سے راولپنڈی جلسے کی درخواست واپس لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے انہوں نے جلسے کی اجازت نہیں دینی اور اگر جلسے کی اجازت مل بھی گئی تو یہ شہر سے باہر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے وکلا کل سپریم کورٹ کے باہر بھی احتجاج کریں گے۔

جب صحافی نے ان سے سوال کیا کہ رؤف حسن نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات پارٹی پالیسی ہے تو اس پر عمران خان نے جواب دیا کہ رؤف حسن کو غلط فہمی ہوئی ہے، اسٹیبلشمنٹ سے کسی قسم کے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا علی امین گنڈا پور کے لیے بھی یہی ہدایات ہیں کہ مذاکرات نہ کریں تو بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ علی امین سمیت تمام لیڈرشپ کو ہدایات ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔

اپنے سابقہ بیان میں چیف جسٹس کے عہدے کے لیے جسٹس منصور علی شاہ کی حمایت کرنے والے سابق وزیر اعظم نے واضح کیا کہ جسٹس منصور علی شاہ سے ان کی کوئی ذاتی جان پہچان نہیں ہے۔