پاکستان معاشی بحالی کے راستہ پر گامزن ہے، ڈونلڈ لو
امریکا کے اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے جنوبی و وسطی ایشیا امور ڈونلڈ لو نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی بحالی کے راستہ پر گامزن ہے، معیشت کی بحالی تمام پاکستانیوں کے لیے فائدہ مند ہے۔
نیویارک میں نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا پاکستان کی عوام کے ساتھ گہرا تعلق ہے ، پاکستان جس معاشی بحالی سےگزر رہا ہے اس سے ہمیں بہت حوصلہ ملا، معیشت کی بحالی نہ صرف نوجوانوں بلکہ تمام پاکستانیوں کے لیے فائدہ مند ہے۔
ڈونڈلو نے کہا کہ ان کی پاکستانی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں معاشی منصوبے اور اصلاحات سے متعلق جاننے کا موقع ملا، یہ منصوبے آسان نہیں لیکن یہ پاکستان کا مستقبل ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان منصوبوں سے پاکستان اپنی معیشت کو مستحکم کرے گا، امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان کامیاب ہو، شہباز شریف کی حکومت سے ہمارے گہرے تعلقات ہیں۔