پاکستان

چیف الیکشن کمشنر نے ریاستی ادارے کو سیاسی جماعت میں بدل دیا، بیرسٹر سیف

ریاستی اداروں کے سیاسی فیصلے ملک کیلئے بھیانک ہوتے ہیں، جعلی حکومت نے ہر ادارے کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا، مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بہانے ڈھونڈنے کے لیے اجلاس پر اجلاس بلارہا ہے، درحقیقت الیکشن کمیشن جعلی حکومت کے اشاروں پر چل رہا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرسیف کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ مخصوص نشستوں سے متعلق الیکشن کمیشن نوٹیفیکشن جاری کرکے اعلی عدلیہ کے حکم کی تعمیل کریں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن بہانے ڈھونڈنے کے لیے اجلاس پر اجلاس بلارہا ہے، تاخیری حربے استعمال کرنے پر الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکندر سلطان راجا آئین سے متصادم فیصلے کرنے پر آرٹیکل 6 کا بھی مرتکب ہوا ہے، الیکشن کمیشن جعلی حکومت کے اشاروں پر چل رہی ہے جب کہ جعلی حکومت چند سانسیں لینے کے لیے ریاستی اداروں کی ساکھ کو داو پرلگارہے ہیں۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ریاستی ادارے کو ایک سیاسی جماعت میں بدل دیا ہے، ریاستی اداروں کے سیاسی فیصلے ملک کے لیے بھیانک ہوتے ہیں،فارم 47 کی حکومت نے ہر ادارے کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا ہے۔