پاکستان

وزیراعظم کی مالدیپ کے صدر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کے صدر سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر دو طرفہ ملاقات کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے ملاقات کی جہاں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تجارت، سیاحت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کے صدر سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس کے موقع پر دو طرفہ ملاقات کی۔

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر معیزو سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ اور گہرے تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔

وزیراعظم نے مالدیپ کے ساتھ تجارت، سیاحت، تعلیم، سرمایہ کاری اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے ممالک میں اقتصادی ترقی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے عوام کے درمیان رابطے اور باہمی تعاون کی کوششوں میں اضافے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم اور مالدیپ کے صدر نے خطے کے امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے جنوبی ایشیائی ممالک کی مل کر کام کرنے کی مشترکہ ذمہ داری پر اتفاق کیا۔