پاکستان

کراچی: ڈکیتی کے دوران شہری کو قتل کرنے کے مجرم کو 30 سال قید

عدالت نے مرکزی ملزم کو قتل کرنے پر 20 سال جبکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر 10 سال جبکہ شریک ملزم سکندر کو 15 سال قید کی سزا سنائی۔

کراچی کی مقامی عدالت نے ڈکیتی کے دوران شہری کو قتل کرنے کے کیس میں مجرم وقار کو 30 سال جبکہ شریک ملزم کو 15 سال کی سزا سنادی۔

کراچی کی مقامی عدالت میں ڈکیتی کے دوران شہری کو قتل کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے مرکزی ملزم کو قتل کرنے پر 20 سال جبکہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر 10 سال جبکہ شریک ملزم سکندر کو 15 سال قید کی سزا سنائی۔

عدالت نے دونوں مجرمان پر 50، 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔

سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ واقعہ 2018 میں پیش آیا تھا، ملزمان دو سال تک مفرور رہے، 2020 میں ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

سیشن عدالت نے ملزم وقار کو 2021 میں عمر قید کی سزا سنائی جبکہ ملزم سکندر کو بری کردیا تھا۔

ملزم وقار نے فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جبکہ ہائی کورٹ نے کیس دوبارہ سیشن کورٹ بھیج دیا تھا۔

عدالت نے ایک بار پھر ملزمان کو سزائیں سنادی تھیں اور 2021 میں بری ہونے والا سکندر 2024 میں سزا یافتہ ہوگیا۔

ملزمان کے خلاف تھانہ بریگیڈ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔