پاکستان

خیبرپختونخوا حکومت کا گندم اسٹوریج کی استعداد کو بڑھانے کا فیصلہ

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت محکمہ خوراک کا اجلاس، اجلاس میں پاسکو کی تحلیل کے فیصلے کے تناظر میں لائحہ عمل پر غوروخوض کیا گیا۔

خیبرپختونخوا حکومت نے پاسکو کی تحلیل کی صورت میں گندم کی اسٹوریج کی استعداد کو بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت محکمہ خوراک کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو اور محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاسکو کی تحلیل کے فیصلے کے تناظر میں لائحہ عمل پر غوروخوض کیا گیا اور گندم کی خریداری کی مد میں پاسکو کے بقایاجات کی ادائیگیوں سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

اجلاس میں گندم خریداری کی مد میں مقامی کاشتکاروں کے بقایاجات ترجیحی بنیادوں پرادا کرنے، محکمہ خوراک کی استعداد کو بڑھانے کے لیے درکار عملے کی کمی پوری کرنے، گندم کی خریداری، نقل و حمل اور اسٹوریج سے متعلق معاملات کو ڈیجیٹائز کرنے کے فیصلے ہوئے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ گندم کی خریداری سے متعلق جملہ امور میں شفافیت ہر لحاظ سے یقینی بنائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ گندم کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی غیر معیاری گندم مارکیٹ میں ریلیز نہ ہو۔

گندن کی اسٹوریج کی استعداد کو بڑھانے کے لیے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں منصوبہ شامل کیا جائے گا اور وفاقی حکومت سے ضمانت لی جائے کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حمل پر پابندی نہیں لگے گی۔