پاکستان

پی ٹی آئی کی 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو درخواست

انتظامیہ 28 ستمبر کو لیاقت باغ یا بھاٹہ چوک میں جلسے کی اجازت دے، پی ٹی آئی کی درخواست

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے راولپنڈی میں جلسہ کے اعلان کے معاملے پر تحریک انصاف کی مقامی قیادت ڈپٹی کمشنر کے آفس پہنچی۔

پی ٹی آئی کے ضلعی صدر چوہدری امیر افضل نے راولپنڈی میں جلسہ کرنے کے لیے درخواست جمع کروا دی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی 28 ستمبر کو لیاقت باغ یا بھاٹہ چوک میں جلسہ کرنا چاہتی ہے، انتظامیہ جلسے کی اجازت دے۔

بعد ازاں، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلسے کی اجازت کے لیے وزارت داخلہ سے رہنمائی لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کو لاہور انتظامیہ کی جانب سے مینار پاکستان کے بجائے لاہور رنگ روڈ کے کنارے کاہنہ مویشی منڈی میں 43 شرائط کے ساتھ جلسے کی اجازت دی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے رواں ہفتے میں میانوالی میں بھی جلسے کا اعلان کیا گیا ہے۔