پاکستان

کالعدم ٹی ٹی پی کی سوات حملے میں ملوث ہونے کی تردید

سوات میں غیر ملکی سفیروں پر حملے سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے سوات میں غیرملکی سفرا کے قافلے کی سیکیورٹی پر مامور پولیس وین پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کر دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مالم جبہ میں سفارتکاروں کی سیکیورٹی میں شامل پولیس وین کے قریب ہونے والے بم دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا۔

سی ٹی ڈی کی جانب سے ایف آئی آر پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 324، 353 اور 427 کے تحت درج کی گئی، مقدمے میں دھماکا خیز مواد ایکٹ کی دفعہ 3، 4 اور 5 جب کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ (اے ٹی اے) کی دفعہ 7 بھی شامل کی گئی ہے۔

پی پی سی سیکشن قتل، سرکاری ملازمین پر حملہ اور نقصان پہنچانے کے جرائم سے متعلق ہے جب کہ اے ٹی اے کا سیکشن 7 دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے 10 سال سے عمر قید تک کی سزا سے متعلق ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

ٹی ٹی پی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سوات میں غیر ملکی سفیروں پر حملے سے گروپ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

سوات چیمبر آف کامرس، ٹریڈرز فیڈریشن، وکلا اور سول سوسائٹی کے ارکان کی جانب سے حملے کی مذمت کی گئی۔

دریں اثناء شہید کانسٹیبل برہان خان کی نماز جنازہ پیر کو پولیس لائنز مینگورہ میں ادا کی گئی، انہیں سوات کے گاؤں شموزئی میں ان کے آبائی قبرستان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سوات دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد حملے میں شہید اہلکار کے اہل خانہ کی بھرپور مالی اعانت کی جائے گی، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

واضح رہے کہ سوات میں مالم جبہ روڈ پر واقع جہان آباد کے علاقے میں پولیس وین میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہو گئے، زخمی اہلکاروں کو فوری ہسپتقل منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

شہید اہلکار کی شناخت کانسٹیبل برہان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں سب انسپکٹر سرزمین، کانسٹیبل امان اللہ، کانسٹیبل حبیب گل اور ڈرائیور رحمت اللہ شامل ہیں۔