پاکستان

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف لاہور میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج

علی امین گنڈاپور اور شاہد خٹک سمیت 300 سے زائد افراد کے خلاف مقدمے میں دہشت گردی، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

لاہور میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور شاہد خٹک سمیت 300 سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف لاہور میں مقدمہ درج کر لیا گیا جس میں دہشت گردی، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمہ ایس ایچ او ہڈیارہ حماس حمید کی مدعیت میں تھانہ مناواں میں درج کیا گیا جس میں علی امین گنڈاپور اور شاہد خٹک سمیت 300 سے زائد افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں موقف اپنایا گیا کہ لاہور پولیس کے جوان سیالکوٹ لاہور موٹروے پر تعینات تھے کہ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں 250 سے 300 افراد کا جتھہ آیا۔

ایف آر کے مطابق مشتعل مسلح افراد نے ٹول پلازہ کے شیشے توڑے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔