پاکستان

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا پارلیمانی رولز میں ترمیم اور عمل درآمد کا اعلان

پنجاب اسمبلی کے ہر اجلاس میں قومی ترانہ لازمی قرار دے دیا جائے گا اور اسپیکر نے رولز میں ترمیم کرکے اختیارات اسٹینڈنگ کمیٹی کو دے دیے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پارلیمانی رولز میں ترمیم اور عمل درآمد کا اعلان کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق اسپیکر پنجاب نے رولنگ میں کہا کہ پنجاب اسمبلی کے ہر اجلاس میں قومی ترانہ لازمی قرار دے دیا جائے گا اور اسپیکر نے رولز میں ترمیم کرکے اختیارات اسٹینڈنگ کمیٹی کو دے دیے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی ٹولز کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کئے اور ہر اجلاس کے آخر میں اراکین صوبائی اسمبلی مفاد عامہ سے متعلق مسائل سیکرٹریٹ کو بتائے بغیر ایوان میں پیش کر سکیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں ہر تین ماہ بعد بجٹ اخراجات کی تفصیلات اسمبلی میں پیش کی جائیں گی اور اگر کسی ممبر کو پولیس نے گرفتار کرنا ہے تو پہلے اسپیکر سے اجازت لینا ہوگی، تب ہی گرفتاری ممکن ہو سکے گی۔

ملک احمد خان نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی میں اب اردو اور انگلش کے علاوہ کسی علاقائی زبان میں بھی بات کرنے کی اجازت ہو گی جبکہ اسمبلی میں سالانہ بجٹ بحث کی مدت چار ماہ سے بڑھا کر پانچ ماہ تک کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں 18ویں ترمیم کے بعد وہ اختیارات نہیں تھے جو قومی اسمبلی کے پاس تھے لیکن اب اسٹینڈنگ کمیٹیاں سماعت ان کیمرہ کے بجائے اوپن کرسکیں گی لیکن اس سماعت کے لیے آرڈر پاس کرنا ہوگا۔