پاکستان

لاہور جلسے میں ناقص انتظامات اور اخراجات پر پی ٹی آئی رہنماؤں میں تلخ کلامی

جلسے کے اخراجات اور ناقص انتظامات پر پی ٹی آئی اراکین اسمبلی آپس میں دست و گریبان ہو گئے، امتیاز شیخ اور فرخ جاوید کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی۔

لاہور میں ہونے والے جلسے میں ناقص انتظامات اور جلسے کو جلد ختم کرنے پر تحریک انصاف کے رہنماؤں میں تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہو گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ جلسے کے اخراجات اور ناقص انتظامات پر پی ٹی آئی اراکین اسمبلی آپس میں دست و گریبان ہو گئے۔

لاہور کے صدر امتیاز شیخ اور رکن اسمبلی فرخ جاوید مامون کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی اور تلخ کلامی پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن چیمبرمیں ہوئی۔

اراکین کے درمیان جھگڑا پی ٹی آئی سنئیر رہنما فردوس شمیم نقوی کی موجودگی میں ہوا جہاں ذرائع نے بتایا کہ فردوس شمیم نقوی کی جانب سے جلسے کے ناقص انتظامات اور اسے 6بجے ختم کرنے پر نکتہ اٹھایا گیا۔

امتیاز شیخ نے وضاحت دی کہ انتظامیہ نے سامان روک لیا تھا، کیسے مکمل انتظامات کرتے، جلسے میں 35 لاکھ روپے کے اخراجات ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق اس پر فرخ جاوید مامون نے کہا کہ جلسے ہم نے بھی کرائیں ہیں یہ زیادہ اخراجات بتا رہے ہیں۔

اس موقع پر ناقص انتظامات اور اخراجات کے معاملے پر امتیاز شیخ اور فرخ جاوید میں شدید تلخ کلامی ہوئی البتہ موقع پر موجود دیگر اراکین نے معاملات کو کنٹرول کر لیا۔