ہانگ کانگ، تائیوان سمیت دیگر عالمی امور پر پاکستان، چین کی حمایت کرتا ہے، وزیر اعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ہانگ کانگ،تائیوان اور دوسرے عالمی امور پر چین کی حمایت کرتا ہے۔
اسلام آباد میں عوامی جمہوریہ چین کے 75 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چینی قیادت اور عوام کو چین کے یوم تاسیس پر مبارکباد دی اور کہا کہچین کایوم تاسیس مشترکہ طور پر مناناخوش آئند ہے، چین نے علاقائی اور عالمی امن کے لیے ہمیشہ احسن کردارادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہانگ کانگ، تائیوان اور دوسرے عالمی امور پر چین کی حمایت کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک فیز 2 کے تحت پاکستان اور چین کے درمیان بی ٹی بی روابط بڑھیں گے، سی پیک فیز 2 سے آئی ٹی، معدنیات اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کی دوستی ہمالیہ سے اونچی اور سمندر سے گہری ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے دوران چین کا مسلسل تعاون قابل تحسین ہے۔
پاکستان، چین آزمائش کی ہر گھڑی میں مضبوط دوست رہے ہیں، صدر مملکت
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف زرداری نے بھی چین کے 75ویں یوم تاسیس پر پاکستان کی حکومت اورعوام کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی کی وژنری قیادت میں چین ترقی کی منازل عبور کررہا ہے، چین نے سائنس، ٹیکنالوجی اور معاشی میدان میں ترقی کے سنگ میل عبور کیے،پاکستان اور چین آزمائش کی ہر گھڑی میں مضبوط دوست رہے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کے ذریعے پاکستان ترقی اور خوشحالی آئے گی۔
چین کی ترقی کو دنیا سے الگ نہیں کیاجاسکتا، چینی سفیر
قبل ازیں تقریب سے خطاب کر تے ہوئے چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے کہا کہصدرشی جنگ پنگ نے چین کی سماجی اور معاشی ترقی پر مبنی ایک نئے سفر کی بنیاد رکھی، چین نے پسماندہ اورمحروم معاشرے سے خوشحال معاشرہ بننے کی جانب سفرکیا۔
چینی سفیر نے کہا کہ صدرشی جن پنگ کی قیادت میں چین ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہورہا ہے، چین کی ترقی کو دنیا سے الگ نہیں کیاجاسکتا۔